121

رنگ ونور کی برسات میں پی ایس ایل 7 کی افتتاحی تقریب آج ہوگی

Spread the love

کراچی( بدلو نیوز ) انتظار کی گھڑیاں ختم، چوکوں چھکوں کی برسات کے ساتھ پی ایس ایل سیزن 7 کا شاندار آغاز آج ہونے جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 7 کا میلہ سجنے میں چند گھنٹے باقی ہے، میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے تمام انتظامات مکمل کئے جاچکے، پی ایس ایل کے آغاز سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے،میدان بھی رنگ برنگی لائٹس سےجگمگا اٹھا، اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت، مرکزی راستے اوردرختوں کو چھوٹی چھوٹی لائٹس لگا کرروشن کیا گیا ہے۔ گراؤنڈ کے فرنٹ پر دلکش اسٹیج بنایا گیا ہے، ستاروں کی جھرمٹ میں ایونٹ کا شاندار افتتاح ہوگا، افتتاحی تقریب تقریباً شام ساڑھے 6بجے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگی ، تقریب میں نامور گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ آواز کا جادو جگائیں گے۔

افتتاحی تقریب کی خاص بات پیراگلائیڈرز کا 10 ہزار فٹ کی بلندی سے نیشنل اسٹیڈیم میں اترنا ہے، پیراگلائیڈرز کی حیران کردینے والی پرفارمنس ٹیلی ویژن اسکرین پر ریکارڈ نشر کی جائے گی۔ پاکستان کے دورے پر موجود معروف انگلش فٹبالر مائیکل اوون بھی تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے جبکہ افتتاحی تقریب کےدوران وزیراعظم کا خصوصی پیغام بھی چلایا جائے گا۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا، جہاں کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے،دوسرے مرحلے میں شامل 19 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں