79

ن لیگ کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کا پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان

Spread the love

لاہور:(بدلو نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی نے چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کی سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں مولانا غیا ث الدین، فیصل نیازی، اشرف انصاری نے شرکت کی۔ چودھری پرویز الٰہی سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما یونس انصاری، چیف وہپ سید عباس علی شاہ، ایم این اے حسین الٰہی، صوبائی وزیرحافظ عمار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے ہمیشہ شرافت اور وضع داری کی سیاست کی ہے، آپ کے ساتھ چلیں گے، ماضی میں بھی پرویزالٰہی نے وزارت اعلیٰ کے منصب پر صوبے کے عوام کی خدمت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ن لیگ کے 16 ایم پی اے بھی چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ چلیں گے۔
مولانا غیاث الدین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں کامیابی عطا فرمائے، پاکستان باالخصوص صوبہ پنجاب کی خدمت کرنا ان کی اور ان کے خاندان کی روایت ہے، ہمارے گروپ کے تمام ارکان اسمبلی پرویزالٰہی کو کندھے سے کندھا ملا کر کامیاب کرائیں گے، سپیکر پنجاب اسمبلی نے جس طرح پہلے صوبہ کی خدمت کی وہ اب بھی اسی طرح خدمت کریں گے۔ یونس انصاری کا کہنا تھا کہ ہمارا پورا گروپ چودھری پرویزالٰہی کی مکمل حمایت کرے گا، کسی قربانی کی ضرورت ہو وہ بھی انشاء اللہ پیش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں