146

ایپل نے بھارت میں آئی فون کی تیاری روک دی ، وجہ بھی سامنے آگئی

Spread the love

نئی دہلی(ویب ڈیسک) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بھارت میں آئی فون تیار کرنے والی کمپنی ’فوکس کون‘ کے پلانٹ پر آپریشنز روکتے ہوئے اسے زیرنگرانی کر دیا ہے۔ فوکس کون کا یہ پلانٹ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں واقع ہے۔ چند ہفتے قبل اس فیکٹری کے ہاسٹل میں 250سے زائد خواتین کارکن فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئی تھیں۔ اس واقعے کے پیش نظر ایپل کی طرف سے ورکرکو دی جانے والی سہولیات کے فقدان پر مذکورہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

ہاسٹل میں فوڈ پوائزننگ کے اس واقعے کے بعد فیکٹری ورکرز کی طرف سے سنگین احتجاج کیا گیا تھا۔ ورکرز کے احتجاجی مظاہروں میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔صورتحال بے قابو ہونے پر 18دسمبر کو یہ فیکٹری بند کر دی گئی تھی۔ ایپل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اس پلانٹ کو ’پروبیشن‘ پر ڈال دیا گیا ہے اور کمپنی کی فوکس کون کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اصلاحی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فوکس کون میں لگ بھگ 17ہزار ورکرز کام کرتے ہیں۔ اس فیکٹری میں بھارتی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ برآمد کرنے کے لیے بھی آئی فون اور دیگر آلات تیار کیے جاتے ہیں۔اس حوالے سے فوکس کون، جو تائیوان کی کمپنی ہے، کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم ملازمین کو درپیش مسائل پر معذرت خواہ ہیں اور ہاسٹل میں سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران جب تک فیکٹری بند رہے گی ملازمین کو تنخواہ ملتی رہے گی۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں