155

بھارتی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، جنرل بپن راوت شدید زخمی، 11 افراد ہلاک

Spread the love

نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت کا ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہو گیا، بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ چیف آف ڈیفنس سٹاف بپن راوت کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔جنرل بپن راوت حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں، اب تک 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو کے ہل اسٹیشن کونور کے جنگل میں گر گیا۔ ملٹری ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت کے علاوہ ان کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز اور فضائیہ کے پائلٹس سمیت 14 افراد سوار تھے، جن میں

عملے کے 5 اور 9 مسافر شامل تھے۔واقعے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، جس کے دوران 3 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 11 افراد کی لاشیں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔حادثے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی شناخت کے لیے کوششیں بھی جاری ہیں۔بھارتی فضائیہ کے مطابق تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہونے والا بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 وی 5 تھا۔بھارتی فضائیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ہیلی کاپٹر حادثے کی جگہ سے ملنے والی لاشوں کو ملٹری سپتال منتقل کر دیا گیا ہے، زخمی افراد 85 فیصد جھلس چکے ہیں۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ سلور ایئر بیس پہنچ گئے جہاں سے وہ فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام کا دورہ کریں گے۔سابق بھارتی آرمی چیف جنرل جے جے سنگھ کا بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام سے ملنے والی لاشیں جلی ہوئی ہیں۔لاشیں جلی ہوئی ہونے کی وجہ سے ان کی شناخت میں مشکل پیش آ رہی ہے، ہیلی کاپٹر سے نکالے گئے زخمی افراد بھی شدید جھلسے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ جنرل بپن راوت مدتِ ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019ء کو بھارتی فوج کے سربراہ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ریٹائرمنٹ کے بعد مودی سرکار نے جنرل بپن راوت کو بھارت کا پہلا چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) مقرر کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں