Spread the love
گوجرانوالہ ( بدلو نیوز )گوجرانوالہ کے علاقے علی پور چٹھہ میں فائرنگ سے طالبہ کو قتل کر دیا گیا، واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں محلے دار اور اس کے 2 بیٹوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم ارشد گوگا نے مقامی زمیندار کے چاول چوری کیئے تھے، جس پر مقتولہ کے
بھائی نے زمیندار کو چوری کے بارے میں بتایا تھا۔شکایت کا بدلہ لینے کے لیے گزشتہ روز ارشد گوگا نے زمیندار کے گھر پر فائرنگ کر دی جس سے باہر کھڑی ایم اے کی طالبہ آمنہ جاں بحق ہو گئی، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔قتل ہونے والی ایم اے کی طالبہ آمنہ کے ورثاء نے مقتولہ کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔احتجاج کے باعث علی پور سے گوجرانوالہ جانے والی سڑک پر ٹریفک معطل ہو گیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ لڑکی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔