282

نگاہِ مرد مومن اور پوپ انگیخت: امتیاز عالم

Spread the love

علامہ اقبال نے تو نگاہ مردِ مومن سے یہی اُمید باندھی تھی کہ ”بدل جاتی ہیں تقدیریں“۔ اور شاید موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے بھی ایسی ہی ارفع توقعات وابستہ کی جارہی ہیں۔ بس انکے لیے خیر کی دعا ہی کرسکتے ہیں۔ وکلا کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران ہمارے دیرینہ حریت پسند ساتھی عابد ساقی ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس سے سوال کیا کہ وہ فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے کے خلاف کی گئی اپیلوں کو کب سماعت کیلئے مقرر کررہے ہیں تو جسٹس فائز عیسیٰ نے ازراہ تفنن جواب دیا کہ اگر نہ مقرر کروں تو آپ میرے خلاف کیا دھرنا دیں گے۔ عابد ساقی کا برجستہ جواب تھا کہ ”ضرور دھرنا دھونگا“۔ قاضی صاحب کے حمیت ایسی جاگی کہ انہوں نے بلا ہچکچاہٹ اپنے ہی بنچ کے 6-2-2019 کے فیصلے کے چار سال بعد اپیلوں کی سماعت کا فیصلہ کرلیا۔ سب اپیل کنندگان کو نوٹس بھیج دئیے گئے۔ پھر کیا تھا، نگاہ مرد مومن کام کرگئی اور سارے اپیل کنندگان ڈھیر ہوگئے۔ ایسا منظر انصاف کی اعلیٰ عدالت میں شاذونادر ہی دیکھنے کو ملا۔ وزارت دفاع (جس میں تمام افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں شامل ہیں) سمیت تمام اداروں بشمول الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وزارت داخلہ نے کان پکڑلیے۔ سب سے مضحکہ خیز قلابازی تحریک انصاف پاکستان نے لی جو فیض آباد کے دھرنا فیلوز کی حمایت میں اپیل کنندہ بنی تھی، اب حالات بدلنے پہ اُن تمام اداروں کو کٹھہرے میں کھڑا کرنا چاہتی ہے جن کی گوشمالی کی پاداش میں وہ اب خود کٹھہرے میں ہے۔ عدالت کا منظر اپیل کنندگان کیلئے بہت ہی شرمناک تھا اور وہ اپنی اپیلوں کی واپسی کیلئے گھگھیا کے رہ گئے۔ یہی میزان کی گھڑی تھی۔ چیف جسٹس نے یہ منافقانہ استدعا خاطر میں نہ لاتے ہوئے 27 اکتوبر تک ان سے تفصیلی جوابات طلب کرلیے ہیں اور یکم نومبر کو ممکنہ طور پر قوم یوم حساب ٹیلی ویژن پہ دیکھے گی۔ واہ! کیا دن ہوگا کوئی اور!
چیف جسٹس نے بہت ہی بنیادی اور تیکھے سوال اُٹھائے ہیں کہ فیصلے پہ کیوں اور کس کے کہنے پہ انگلیاں اُٹھائیں اور اب کیوں اور کس کے کہنے پہ تمام اپیل کنندگان اپنی استدائیں واپس لینے پہ مصر ہیں۔ اب سب نے فیصلے کی سچائی تسلیم کرلی ہے تو ہم پاس ہوگئے ہیں، اب انکی باری ہے جنہوں نے فیصلے پہ عمل نہیں کیا۔ یہ بھی پوچھا کہ چار برس سے اپیلیں کیوں مقرر نہ کی گئیں اور وہ کون ہے جو خدا کے علاوہ پاکستان کا نظام ہستی چلارہا ہے؟ (آرکسٹرا کا کوآرڈینیٹر) ۔ یہ بھی کہا کہ فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے اور ٹھوس احکامات پر اگر عمل ہوجاتا تو شاید جڑانوالہ میں مسیحی دشمن فسادات نہ ہوتے اور ”ہجوم کے انصاف“ کا راستہ بند کیا جاسکتا تھا۔ 12 مئی 2007 کو کراچی میں کتنے ہی لوگ مارے گئے تو کیا اُس پر بھی ”مٹی پاﺅ“۔ اگر کوئی شرم ہوتی اور آئین کا احترام ہوتا تو کوئی تو کم از کم ذمہ داری قبول کرتا۔ خود ہی چیف جسٹس نے استہفامیہ انداز میں جواب دیا کہ ”پاکستان میں وہ سب کچھ ہوتا ہے، جو کہیں نہیں ہوتا“۔ کہتے ہیں ”اوپر سے حکم“ آیا ہے۔ اور اگر آپ کہتے ہیں کہ نظر انداز کردو یا معاف کردو (مٹی پاﺅ) تو وہ بھی لکھ دیں اور یہ بھی لکھ دیں کہ اپیلیں کیوں واپس لے رہے ہیں۔ اور یہ کہ ”احتساب ہوگا، ہمارا بھی“ (اور آپ کا بھی)
آخر فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے میں کیا تھا جو مملکت خداداد کے ماخذاﺅں کے پاﺅں تلے سے زمین نکل گئی ہے۔ 43 صفحات پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا فیصلہ اور تقریباً 5 صفحات پر مشتمل ٹھوس نتائج اور احکامات فیصلے کے نکتے 53 میں 17 احکامات کی صورت میں دیے گئے ہیں پر اگر صدق دل سے عمل کیا جائے تو پاکستان کی آئینی جمہوریہ کو درپیش بڑے چیلنجز کا حل نکل سکتاہے۔ فیصلے میں پاکستان کی تاریخ کے حالیہ بڑے واقعات کا جائزہ لیا گیا ہے جس میں اصغر خان کیس، 2013 اور 2018 کے انتخابات، 14 مئی 2007 کو کراچی میں ایم کیو ایم کی خونریزی، 2014 کے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے، انتخابی امیدوار کے حلف نامے میں لفظی تبدیلی کے مضمرات اور فیض آباد کے پل پہ ”تحریک لبیک “ کے دھرنے کا جائزہ لیا گیا ہے۔ جن میں جتھوں اور ”ہجوم“ کی وحشت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بنیادی انسانی حقوق، جن میں حق زندگی، حق آمدورفت، حق تعلیم و علاج، حق ملازمت و کاروبار اور امن وامان کے معاملات پہ تفصیلی رائے دی گئی ہے۔ سب سے بڑھ کر سیاسی امور میں افواج اور اس کی ایجنسیوں کی مداخلت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اُنہیں آئین میں دئیے گئے افواج کے حلف اور آئینی منشا کے خلاف قرار دیتے ہوئے، اُسکی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔ دنیا بھر کی خفیہ ایجنسیوں کو ریگولیٹ کرنے والے قوانین کا جائزہ پیش کرتے ہوئے یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں کے دائرہ کار اور سرگرمیوں کی نگرانی کا کوئی واضح قانون یا ضابطہ ہے کہ نہیں۔ یوں لگتا ہے کہ یہ خود ہی مختلف حکومتوں اور اداروں کے سربراہوں اور ایجنسیوں کے اعلیٰ افسروں کی صوابدید پہ اپنا دائرہ عمل بڑھاتی چلی گئیں۔ فیصلے میں شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے کہ یہ دوسروں یا عوام کے حقوق کی پامالی کا باعث نہ ہو۔ الیکشن کمیشن کو بااختیار قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے حوالے سے دئیے گئے معاملات پہ عمل درآمد کرائے جس میں انکی فنڈنگ بھی شامل ہے۔ ریاست کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ اگر وہ شہریوں کا تحفظ نہیں کرے گی تو پھر 12 مئی جیسے خونین واقعات جنم لیتے ہیں۔ ایسے فتوے جو دوسروں کو مصیبت سے دوچار کرتے ہیں کہ خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ میڈیا پر بندشوں کانوٹس لیتے ہوئے پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کرے یا پھر ان اداروں کو رپورٹ کرے جو بے جا مداخلت کرتے ہیں۔ تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مینڈیٹ سے تجاوز نہ کریں (مینڈیٹ؟) اور انہیں حق اظہار کو روکنے یا میڈیا میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔ آخر میں تمام افواج کو انتباہ کیا گیا ہے کہ آئین انکی کسی طرح کی سیاسی سرگرمی میں ملوث ہونے کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ وزارت دفاع اور افواج کے سربراہوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ان ماتحتوں کے خلاف کارروائی کریں جو کسی سیاسی سرگرمی میں ملوث پائے گئے جن میں کسی سیاسی جماعت کی یا مخالفت بھی شامل ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مناسب ہدایات دی گئیں اور حکومتوں سے کہا گیا کہ وہ دہشت گردی اور نفرت انگیزی پھیلانے والوں کا سدباب کریں۔ گویا فیض آباد دھرنے کا فیصلہ موجودہ گیریژن اسٹیٹ کو ایک جمہوری اور آئینی طور پر جوابدہ ریاست بنانے اور غیر سیاسی اداروں سے بدلنے کا تقاضہ کرتا ہے۔ فیصلے کے چار برس بعد بھی ”ریاست“ اسی غیر آئینی چال پر چل رہی ہے اور دن بدن آئینی طرز عمل سے دور ہوتی جارہی ہے۔ اب جب اٹارنی جنرل نے وفاق کی طرف سے فیصلے پر ایک ماہ میں عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تو کیا چیف جسٹس مٹی ڈالیں گے یا پھر ریاست اور اس کے تحت حکومتی اداروں کو آئین و قانون کی عملداری کرنے اور اپنے حلف کی پاسداری پہ راضی کرنے پہ آمادہ کرلیں گے؟ میرے خیال میں افراد کی بجائے واضح اداراتی اصلاحات کے احکامات کی ضرورت ہوگی۔ شاید اس کے لیے ٹرپل فائیو بریگیڈ کی کمان چیف جسٹس کو دینی پڑے! دوسری جنگ عظیم میں چرچل نے روز ویلیٹ سے کہا کہ کیوں نہ ہم پوپ کو ”گروپ آف فور“ میں شامل کرلیں۔ اس پر اسٹالین نے پوچھا کہ اس کے پاس کتنے بریگیڈ فوج ہے؟
نگاہ مردِ مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں ؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں